ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / حکومت تین طلاق کے معاملے پر اپنی مرضی تھوپ رہی ہے:شرد یادو

حکومت تین طلاق کے معاملے پر اپنی مرضی تھوپ رہی ہے:شرد یادو

Fri, 29 Dec 2017 21:51:51    S.O. News Service

کشن گنج (بہار) ،29؍دسمبر (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)جے ڈی یو کے سابق صدر شرد یادو نے نریندر مودی حکومت پر الزام لگایا کہ وہ علماء کرام سے صلاح و مشورہ کئے بغیر فوری طور پر تین طلاق پر بل لاکر اپنی مرضی تھوپنا چاہتی ہے۔جے ڈی یو کے ایک اور باغی لیڈر علی انور کے ساتھ یہاں آئے شرد نے کہا کہ سپریم کورٹ نے کہا تھا کہ تین طلاق پر کوئی بھی قانون علماء کرام سے صلاح و مشورہ پر مبنی ہونا چاہئے۔حال ہی میں راجیہ سبھا کی رکنیت سے نااہل قرار دیئے گئے جے ڈی یو کے باغی شرد اور انور نے آج لوک سبھا میں پیش کئے گئے تین طلاق بل پر تنقید کی، شرد نے کہاکہ سپریم کورٹ نے کہا ہے کہ تین طلاق پر کوئی بھی قانون اسلامی علماء کرام کے ساتھ مشاورت پر مبنی ہونا چاہئے۔لیکن لوک سبھا میں بل پیش کرنے سے پہلے ایسا کچھ نہیں کیا گیا۔شرد نے کہاکہ وزیر اعظم نریندر مودی کی صدارت والی حکومت ایوان میں بل پیش کرکے اپنی مرضی چلانا چاہ رہی ہے اور اپنے دفاع میں ادھر ادھر کی باتیں کر رہی ہے۔علی انور نے تین طلاق پر قدم اٹھانے سے پہلے مودی حکومت کی جانب سے آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کو اعتماد میں نہ لینے پر ناراضگی ظاہر کی۔دونوں رہنماؤں نے بہار کے وزیر اعلی اور جے ڈی یو صدر نتیش کمار پر الزام لگایا کہ انہوں نے بی جے پی کے ساتھ مخلوط حکومت بنا کر 2015 کے اسمبلی انتخابات کے مینڈیٹ کی ’توہین‘کی ہے۔


Share: